وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ممکن ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات آج یا کل کرادی جائے، جس کے بعد معاملات بہتری کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ہوسکتا ہے بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات ہوجائے۔ ان کے مطابق ملاقات آج یا کل کرانے کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیرسٹر گوہر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجاتی ہے تو معاملات بہتری کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کہا جائے کہ ہم لانگ مارچ ہی کریں گے۔ ان کے مطابق مذاکرات کے ساتھ ساتھ احتجاج اور لانگ مارچ کے معاملے پر بھی واضح پیش رفت ضروری ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مذاکراتی عمل کے نتیجے میں سیاسی صورتحال میں بہتری کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
مذاکرات سے ہی سیاسی مسائل حل ہوسکتے ہیں، شیری رحمان
دوسری جانب رکن مذاکراتی کمیٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پارٹی کی مذاکراتی ٹیم معاملات کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ احتجاج اور لانگ مارچ سے ملکی معاملات تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں، اس لیے کوشش ہے کہ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت جاری ہے اور وہ پرامید ہیں کہ جلد معاملے کا کوئی حل نکل آئے گا۔



