جنوبی انگلینڈ کے ریل نیٹ ورک کو کھٹملوں کے غیر معمولی پھیلاؤ کے باعث سنگین صورتحال کا سامنا ہے، جس کے بعد متعدد ٹرین سروسز معطل کر دی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ٹرینوں کی بوگیوں میں کھٹملوں کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ساؤتھ ایسٹرن کمپنی کی کئی ٹرینوں کو فوری طور پر سروس سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایسٹ سسیکس میں ہیسٹنگز کے قریب واقع ویسٹ مرینا ٹرین کیئر ڈپو اس مسئلے سے شدید متاثر ہوا ہے جو لندن سے آنے والی ٹرینوں کا آخری اسٹیشن بھی ہے۔ ساؤتھ ایسٹرن کی ہائی اسپیڈ ون لائن پر چلنے والی ٹرینوں میں بھی کھٹملوں کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے ان کے مزید پھیلاؤ کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرینوں میں کھٹملوں کی شکایت 22 ستمبر کو سامنے آئی تھیں۔ تاہم صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ٹرین ڈرائیوروں نے متاثرہ بوگیوں میں ڈیوٹی انجام دینے یا ان میں سوار ہونے سے انکار کر دیا۔
ڈرائیوروں نے انتظامیہ اور کمپنی کے مالکان پر تنقید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کھٹملوں کے اس سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
ریلوے حکام کو اب متاثرہ ٹرینوں اور ڈپو کو جراثیم کش اقدامات کے ذریعے محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ کھٹملوں کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے چیلنج کا سامنا ہے۔
Bedbugs have infested trains across the South of England, leading to services being cancelled, The Telegraph can disclose.
Trains run by Southeastern have been removed from schedules after staff discovered the bugs crawling inside carriages.
Our correspondent sends a dispatch… pic.twitter.com/wQPByBF9My
— The Telegraph (@Telegraph) October 3, 2026
دوسری جانب ساؤتھ ایسٹرن کے ترجمان نے کہا کہ مسافروں کو محفوظ اور اطمینان کے ساتھ سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹرینوں اور اسٹیشنوں کی مکمل صفائی کی جاتی ہے۔
کمپنی میں ڈرائیورز کے سربراہ اولی ٹرنر نے کہا کہ ڈرائیورز کے ساتھ کمپنی کے اچھے تعلقات ہیں اور انہوں نے ان محدود واقعات سے نمٹنے میں بھرپور تعاون کیا ہے۔

