ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے دی۔
جاپان کے شہر نشین میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا سکی۔
ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارت نے گولڈ میڈل حاصل کر لیا جبکہ پاکستن کے حصے میں چاندی کا میڈل آیا۔
India secure gold in the men’s competition at Asian Games 2026 with a win over Pakistan 🏅💪
📝: https://t.co/slT5mVBGCO https://t.co/7ADV9JXLMH
— ICC (@ICC) October 3, 2026
بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، تلک ورما نے 22 گیندوں پر 52 اور شیوام دوبے 27 اسکور کئے۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے 2 ، ابرار احمد ، صائم ایوب اور احمد دانیال نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
حسن نواز کی جارحانہ بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے، جبکہ صائم ایوب نے 29 ، صاحبزادہ فرحان 10 اور معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے۔
بھارت کے آکسر پٹیل ، شیوام دوبے اور واشنگٹن سندر نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور کئی مواقع ضائع کیے۔ پانچویں اوور میں ابھیشیک شرما اور شریاس ایئر کو مواقع بھی ملے جب صائم ایوب نے تین گیندوں پر دو کیچز ڈراپ کئے ۔ابھیشیک شرما اور تلک ورما کو رن آؤٹ کرنے کے مواقع بھی ضائع کیے گئے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی
پاکستان کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، معاذ صداقت، عثمان خان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، سعد مسعود، ابرار احمد اور سفیان جبکہ بھارتی الیون میں سوریہ ونشی، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شریاس ایئر (کپتان)، ایشان کشن، تلک ورما، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، اور جسپریت بمراہ شامل تھے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل میں یہ سب سے زیادہ مجموعی اسکور ہے، پاک بھارت ٹی 20 میچ میں آج مجموعی طور پر 403 رنز کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
بھارت کا روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر اور میچ اختتام پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنٹلمین اسپورٹس کی دھجیاں بکھیر دیں اور بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ہاتھ نہیں ملایا۔



