کراچی: پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے امیدواروں کو درخواست جمع کرانے کے لیے مزید وقت دے دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امیدوار اب ریگولر فیس کے ساتھ 13 جولائی تک اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی مقرر کی گئی ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ تاریخ میں توسیع کا مقصد ایسے امیدواروں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر مقررہ وقت میں رجسٹریشن مکمل نہیں کر سکے، طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری وقت کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں تاکہ کسی بھی تکنیکی یا انتظامی دشواری سے بچا جا سکے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا اور امیدواروں کو اپنی درخواست جمع کراتے وقت تمام معلومات اور مطلوبہ دستاویزات درست طور پر فراہم کرنا ہوں گی۔
لاہور: 213 غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو سیل کرنے کی سفارش
واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ پاکستان بھر کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز میں داخلے کے لیے لازمی امتحان ہے، جس میں ہر سال ملک بھر سے ہزاروں طلبہ شرکت کرتے ہیں۔ کونسل نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رجسٹریشن سے متعلق تمام ہدایات پر عمل کریں اور آخری تاریخ سے قبل اپنا اندراج یقینی بنائیں۔
