لاہور میں 213 غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو سیل کرنے کی سفارش کر دی گئی۔
لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 213 نجی اسکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سمری ارسال کر دی۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ جبکہ احکامات پر عمل نہ کرنے والے مزید تعلیمی اداروں کو بھی سیل کیا جائے گا۔
سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے کہا کہ 744 نجی اسکولوں کو رجسٹریشن کرانے کے لیے پہلے ہی حتمی وارننگ جاری کی جا چکی ہے، تاہم متعدد اداروں نے تاحال قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
یہ بھی پڑھیں: گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن پر غور، محکمہ اسکولز ایجوکیشن کا بڑا اشارہ
انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور تمام تعلیمی اداروں کو متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
