مستونگ، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو نوجوان کھلاڑی جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے شمس آباد کراس میں پیش آیا، جہاں مقامی کرکٹ گراؤنڈ میں میچ جاری تھا کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت آیوش اور ساگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد گراؤنڈ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، کھلاڑی، تماشائی اوردیگرافراد اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگ نکلے جبکہ میچ فوری طور پر روک دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، ابتدائی طور پر حملے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زادران انتقال کر گئے
دوسری جانب واقعے کے خلاف مقتولین کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔
بعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کر دیا گیا اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
