اسلام آباد، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سالانہ مالی گوشواروں کی تفصیلات 29 اگست تک جمع کرائیں۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوشوارے مقررہ مدت کے اندر مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کرانا لازمی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اپنے آڈٹ شدہ مالی گوشوارے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے تیار اور تصدیق شدہ صورت میں جمع کرائیں گی۔
گوشواروں پر پارٹی کے مجاز عہدیدار کے دستخط بھی لازمی ہوں گے تاکہ دستاویزات کی قانونی حیثیت برقرار رہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مالی گوشواروں کے ساتھ یہ تصدیق بھی فراہم کی جائے کہ متعلقہ سیاسی جماعت کو کسی ممنوعہ ذریعے سے فنڈز یا مالی معاونت موصول نہیں ہوئی۔
آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات، امیدواروں کی حتمی فہرست جاری، 320 امیدوار دستبردار
اس شرط کا مقصد سیاسی جماعتوں کی مالی شفافیت کو یقینی بنانا اور انتخابی قوانین پرمکمل عمل درآمد کرانا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید ہدایت کی ہے کہ یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک سیاسی جماعت کے زیراستعمال تمام بینک اکاؤنٹس کی بینک اسٹیٹمنٹس بھی گوشواروں کیساتھ منسلک کی جائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مالی گوشواروں کی بروقت اور مکمل فراہمی سیاسی جماعتوں کی قانونی ذمہ داری ہے جبکہ مقررہ طریقہ کار پرعمل درآمد سے سیاسی نظام میں شفافیت اور احتساب کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
