مظفر آباد، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 45 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 852 امیدوار قسمت آزمائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کے مرحلے کے دوران 320 سے زائد امیدوار انتخابی دوڑ سے دستبردار ہو چکے ہیں، جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں اورآزاد امیدواروں کے درمیان انتخابی مقابلہ مزید واضح ہوگیا ہے۔
اعداد و شمارکے مطابق میرپور ڈویژن کے چار حلقوں میں 98 امیدوارمدمقابل ہوں گے جبکہ کوٹلی کے چھ حلقوں سے 135 امیدوارانتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اسی طرح مظفرآباد کے پانچ حلقوں میں 126 امیدوارمیدان میں ہیں جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 مخصوص نشستوں پر بھی 126 امیدوارقسمت آزمائیں گے۔
گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ امجد ایڈووکیٹ کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والی 24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کوانکے انتخابی نشانات الاٹ کردیئے گئے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی جلد انتخابی نشانات جاری کردیئے جائیں گے تاکہ انتخابی مہم باقاعدہ طورپرشروع کی جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل آئین اور قانون کے مطابق شفاف، منصفانہ اورغیرجانبدارانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد آزاد کشمیرمیں انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے میں مصروف ہو گئی ہیں۔
