راولپنڈی، پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران، جوانوں، شہید کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ کے موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہید افسر کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک بے گناہ خاتون کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور فرض شناسی، جرات اور ایثار کی لازوال مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان نہ صرف ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی ہر قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس، ملزم 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کی قربانی پاک فضائیہ اور پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ روایات، فرض شناسی اور قومی خدمت کے جذبے کی حقیقی عکاس ہے۔
انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر ایئرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم طارق ایک خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔
