لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں محمود الرشید نے 9 مئی کے مقدمے میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی 10 سال قید کی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید نے اپنے وکیل سکندر ذوالقرنین کے ذریعے دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا کہ مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں انہیں حقائق اور شواہد کے برعکس سزا سنائی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ان کے خلاف عائد الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ جبکہ مقدمے کے ریکارڈ پر ایسا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں جو سزا کو درست ثابت کرتا ہو۔
اپیل میں لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا ختم کی جائے۔
واضح رہے کہ 20 جون کو ٹرائل کورٹ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیوں کو جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے میاں محمود الرشید کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے اب لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے کس طرح ملیں گے؟ حصول کا طریقہ جانیں
لاہور ہائی کورٹ اپیل پر ابتدائی سماعت کے بعد آئندہ کارروائی اور درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔
