گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے عہدہ سنبھالتے ہی اپنا پہلا اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے 89 ڈاکٹرز کو ریگولرائز کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پہلے سرکاری آرڈر پردستخط کرتے ہوئے ڈاکٹرزکی مستقلی کی منظوری دی، جسے صوبے کے صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ اقدام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرزکی مستقلی سے نہ صرف طبی عملے کو درپیش دیرینہ مسائل کا خاتمہ ہوگا بلکہ سرکاری اسپتالوں میں طبی خدمات کے معیار اورعوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیر اعلیٰ امجد حسین نے حلف اٹھالیا
وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ ان کی حکومت عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت سمیت تمام اہم شعبوں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے گی اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی، جبکہ سرکاری ملازمین کے جائز مسائل بھی مرحلہ وار حل کیے جائیں گے۔
