گلگت، گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ امجد ایڈووکیٹ کل وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے انتخاب کے مراحل کامیابی سے انجام پائے۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب میں امجد ایڈووکیٹ نے اکثریتی ووٹ حاصل کیے اور ایوان کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد اب وہ کل باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مرکزی قیادت کے ہمراہ گلگت پہنچ چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کو الیکشن کا بائیکاٹ نہیں، میدان میں آنا چاہیے، رانا ثنا اللہ
پارٹی رہنماؤں اورکارکنوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوگی جبکہ مختلف سیاسی، سماجی اورسرکاری شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔
حکام کے مطابق تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور اطراف کے علاقوں میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اورسیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ تقریب پرامن ماحول میں منعقد ہو سکے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نئی حکومت کی حلف برداری کے بعد کابینہ کی تشکیل، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور آئندہ حکومتی ترجیحات سے متعلق اہم فیصلوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کی توقع ہے۔
