اسلام آباد، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ سے انتخابی عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ انتخابات آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور عوام بھرپور انداز میں اس میں حصہ لے رہے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام انتخابات کے حوالے سے پرجوش ہیں اور ہر حلقے میں امیدواروں کی تعداد ڈبل فیگر میں ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ انتخابی سرگرمیاں پوری شدت سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ کا اعلان کرنے والوں کے پاس انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار بھی موجود نہیں، اس لیے ان کے فیصلے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے بقول جمہوریت میں تمام اختلافات کے باوجود انتخابات میں حصہ لینا ہی درست راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتنی ہی مشکلات کیوں نہ ہوں، سیاسی جماعتوں کو عوامی عدالت میں جانا چاہیے، کیونکہ الیکشن کا بائیکاٹ ان عناصر کے مؤقف کو تقویت دیتا ہے جو انتخابات ہی نہیں چاہتے۔
وزیراعظم کا ترکیہ پہنچنے پر شاندار استقبال، صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کریں گے
رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے بھی اسی مقصد کے تحت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، جو انتہائی نامناسب اقدام ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں امن و امان خراب کرنے والوں کے ساتھ کسی کو نہیں کھڑا ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی عوامی حمایت دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ مضبوط ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان نے آزاد کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کشمیر کے لیے تین جنگیں لڑ چکا ہے، جبکہ حالیہ معرکۂ حق میں بھی افواج پاکستان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر آزاد کشمیر کا دفاع کیا اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کو پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان محبت کا رشتہ پسند نہیں، تاہم عوام کے درمیان نفرت اور تقسیم پیدا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
سیاسی مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف حوالوں سے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے اور بات چیت جاری رہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف تین مرتبہ پی ٹی آئی کو ملاقات اور مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سیاسی بات چیت پر یقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی جماعت کے رہنماؤں کو بھی مذاکرات سے منع کر رکھا ہے، جس کے باعث سیاسی ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
رانا ثنا اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مسائل کا حل صرف مذاکرات، سیاسی برداشت اور جمہوری عمل میں ہی پوشیدہ ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات کے باوجود مکالمے اور انتخابی سیاست کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
