وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور آج دنیا پاکستان کو امن کے نام سے پہچان رہی ہے۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ حالات میں دانشمندانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے خطے کو بڑی جنگ سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں پاکستان کی کامیابی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ایسے اہم معرکے سر کیے گئے جن کی مثال پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ آنے والے برسوں میں ان کامیابیوں کو ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
خواجہ آصف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا رہ گیا ہے، جبکہ حقیقی علم صرف ڈگری لینے سے حاصل نہیں ہوتا۔ تعلیم کا اصل مقصد انسان کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت ہے تاکہ وہ معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کر سکے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ کبھی دیوالیہ نہیں ہو سکتا کیونکہ علم ہی ترقی، خوشحالی اور قومی استحکام کی بنیاد ہے۔ قوموں کی ترقی کا راستہ علم، تحقیق اور معیاری تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔
دہشتگردی کا منبع افغانستان ، امریکا سمیت سب ہمیں استعمال کرکے چلے گئے ، خواجہ آصف
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محض ڈگریوں کے حصول تک خود کو محدود نہ رکھیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں، کردار سازی پر توجہ دیں اور معاشرے کے لیے مفید اور ذمہ دار شہری بنیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ نظام تعلیم مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر رہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نصاب، تدریسی نظام اور تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنا کر ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط ریاست بنایا جا سکتا ہے۔
