آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت،سردار تنویر الیاس اپنے گروپ سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے۔
استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والوں میں سابق وزراء بھی شامل،صدر آئی پی ہی عبدالعلیم خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کی باریاں لینے والے اپنے منشور پر عمل نہیں کرسکے. ہم ترقی کا خواب پورا کریں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر عوام نے موقع دیا اور آزاد کشمیر میں ان کی جماعت حکومت بناتی ہے تو کشمیر کو مزید خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، سیاحت کو جدید خطوط پر فروغ دیا جائے گا اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی میں اقتدار میں آنے والی تمام جماعتیں اپنے منشور پر مکمل عمل درآمد کرنے میں ناکام رہیں۔ ان کے مطابق برسوں سے مختلف پارٹیاں باری باری حکومت کرتی رہی ہیں لیکن آج بھی وہی وعدے دہرا رہی ہیں، جبکہ کشمیر کی محرومیوں کی ذمہ دار یہی جماعتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باقی وزارت چھوڑ کر صرف وزارتِ مواصلات رکھی کیونکہ ان کی خواہش تھی کہ سڑکوں، شاہراہوں اور انفراسٹرکچر پر مکمل توجہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ اچھی سڑکیں، جدید سروس ایریاز اور بہتر سیاحتی ماحول ہی کشمیر کی ترقی کی بنیاد بن سکتے ہیں اور سیاحت کے ذریعے کشمیر کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کر لیں
عبدالعلیم خان نے کہا کہ قدرتی حسن کے اعتبار سے کشمیر سوئزرلینڈ سے بھی زیادہ خوبصورت ہے، ضرورت صرف بہتر منصوبہ بندی اور جدید انفراسٹرکچر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیر ایکسپریس وے تعمیر کی گئی، اسی طرز پر کراچی میں لیاری ایکسپریس منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جائے گی اور اسے مانسہرہ سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شاہراہِ قراقرم کے متبادل ناران سے چین تک نئی ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی جو سال بھر کھلی رہے گی اور تقریباً ڈیڑھ سو کلومیٹر سفر کم ہو جائے گا۔
