لاہور، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے بڑا سیاسی اضافہ کر لیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے اہم ملاقات کے بعد اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی، جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر صحت انصار انصر ابدالی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید بھی آئی پی پی کا حصہ بن گئے۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کر لیں
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے تمام ساتھیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں تنظیمی ڈھانچہ مزید فعال بنایا جائے گا۔
اس موقع پر سردار تنویر الیاس اور دیگر رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپوراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی مسائل کے حل، بہتر طرزحکمرانی اور قومی ترقی کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، اسی وژن سے متاثر ہو کر انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق آزاد کشمیر کی اہم شخصیات کی آئی پی پی میں شمولیت کو پارٹی کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس سے خطے کی سیاست میں نئی صف بندی اور آئندہ سیاسی منظرنامے پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے گزشتہ دن ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے کر پی پی پی سے اپنی راہیں جدا کر لی۔
