لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے باغبان پورہ میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے واقعے کی شفاف اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے ذمہ داروں کا ہر صورت تعین کیا جائے۔
وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام سے یہ وضاحت بھی طلب کی ہے کہ حکومتی پابندی کے باوجود اسکول میں سمر کیمپ کلاسز کیوں جاری تھیں اوراس حوالے سے ذمہ دار افسران نے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کیوں یقینی نہیں بنایا۔
لاہور میں ٹیوشن سنٹر کے بعد اسکول کی چھت گر گئی،ایک بچہ جاں بحق
رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ بچوں کی جانوں سے کھیلنے یا سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے گا اور غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر تعلیم نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا حفاظتی جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
