ٹیوشن سنٹر کے بعد لاہور میں اسکول کی چھت گر گئی، افسوسناک واقعے میں ایک بچہ جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ ویمن کالج روڈ کے قریب اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جہاں اسکول کی عمارت میں توسیع کا کام جاری تھا، اس دوران تعمیر ہونے والی چھت گر گئی۔
واقعے میں ایک آٹھ سالہ عبداللہ ولد امجد بٹ جاں بحق ہو گیا، عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والا بچہ اسی اسکول کا طالبعلم تھا، بچہ اسکول کے دروازے سے نکلا ہی تھا کہ ملبے کی زد میں آگیا۔

حادثے کے وقت اسکول میں سمر کیمپ جاری اور بچے موجود تھے ،واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے سمر کیمپ کی اجازت تیس جون تک کے لیے دی تھی۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو کنٹرول میں بارہ بج کر بارہ منٹ پر چھت گرنے کی کال موصول ہوئی، اطلاع ملنے پر ریسکیو کی سات گاڑیوں کے ساتھ پچیس ریسکیو اہلکار و افسران امدادی سرگرمیوں کے لئے موقع پر پہنچے۔

ایم ایس سروسز اسپتال کا کہنا ہے کہ ایک بچہ اسپتال میں ڈیڈ لایا گیا، چار زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے،چار زخمیوں میں کوئی بچہ نہیں ہے۔
زخمیوں کو سر پر گہری چوٹیں آئیں، مختلف فریکچرز ہیں، آرتھوپیڈیک اور نیورو کے ڈاکٹرز ایمرجنسی میں علاج کررہے ہیں، تمام زخمی خطرے سے باہر ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب نے باغبانپورہ کے اسکول میں جاری غیرقانونی سمر کمپ کا نوٹس لے لیا،وزیر تعلیم نے سی ای او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔
رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ اسکول میں غیر قانونی سمر کیمپ پر سخت ایکشن لیا جائے گا ،یکم جولائی سے کسی بھی اسکول میں سمر کیمپ کی اجازت نہیں ہے۔

یاد رہے چند دن قبل لاہور کے ہی علاقے کاہنہ میں واقع ایک ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے تھے۔
