لاہور، کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کو محکمہ داخلہ کی جانب سے واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی ارسال کر دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ مالک مکان کی غفلت اور عمارت کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعے میں مالک مکان کی بیٹی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے، جبکہ متعدد معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالک مکان اور تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کو حراست میں لے کر ان کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں تاہم اب تک کی تحقیقات میں جان بوجھ کر نقصان پہنچانے یا کسی تخریبی کارروائی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
لاہور، کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گر گئی، 14 بچے جاں بحق، متعدد زخمی
رپورٹ کے مطابق جاں بحق بچوں کے لواحقین کی درخواست موصول ہونے پر پولیس قانون کے مطابق مزید کارروائی کرے گی، جبکہ حادثے کی اصل وجوہات کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے پر کل ایک اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جس میں تحقیقاتی پیش رفت، ذمہ داروں کے تعین، قانونی کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت کی ہے کہ غفلت کے ذمہ دار کسی بھی فرد کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔
