بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خاران اور مستونگ میں دو آپریشنز کیے ، خاران میں کارروائی کے دوران فتنہ ہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ مستونگ میں خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس آپریشن میں خودکش بمبار سمیت 5 دہشتگرد ہلا ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز بھارتی پراکسی فتنہ ہندوستان کے خاتمے کی مہم کا حصہ ہیں ، علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔
دیر لوئر میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام وژن کے مطابق انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے ، صدر زرداری
دریں اثنا صدرِ مملکت آصف زرداری نے خاران اور مستونگ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور جرات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں پر فخر کرتی ہے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی ہر ممکن حمایت جاری رہے گی۔
دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی ، محسن نقوی
علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاران اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مستونگ اور خاران میں کامیاب آپریشنز کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرکے بلوچستان میں خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ بہادر سپوتوں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرکے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وطن کے دفاع کے لیے ہماری فورسز ہر وقت تیار ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
