دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل سے دو چار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی پی سی بی میڈیکل پینل کی جانب سے لیے گئے فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکے،پی سی بی میڈیکل پینل نے دونوں کرکٹرز کو اپنی فٹنس مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کو مکمل فٹ ہونے کیلئے ری ہیب پروگرام سے گزرنا پڑیگا،محمد رضوان نے فٹنس مسائل کی وجہ سے ریڈ بال کیمپ ایک ہفتہ تاخیر سے جوائن کیا تھا۔
دونوں کھلاڑی مکمل فٹ نہ ہوئے تو دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ان کی ٹیم میں شمولیت مشکل ہو جائیگی،دونوں کھلاڑیوں کا آئندہ ہفتے دوبارہ فٹنس ٹیسٹ لیا جائیگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان اور سعود شکیل کے علاؤہ کیمپ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس بھی معیار کے مطابق نہیں ہے۔

کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کی وجہ سے آج مزید چار کھلاڑیوں کو ریڈ بال کیمپ کا حصہ بھی بنایا گیا،کامران غلام، شاہ زیب خان، روحیل نذیر اور حمزہ نذر کو ریڈ بال کیمپ کا حصہ بنایا گیا ہے،روحیل نذیرآج ریڈ بال پریکٹس میچ بھی کھیل رہے ہیں۔
