دیر لوئر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور ایک کانسٹیبل کی شہادت میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوف اور 3 دستی بم بھی برآمد ہوئے۔
سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک
واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن پر فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک صوبے بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
کامیاب آپریشن پر وزیر داخلہ محسن نقوی کی سی ٹی ڈی اور پولیس کو خراجِ تحسین
دریں اثناء وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خیبرپختونخوا سی ٹی ڈی اور پولیس کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر اہلکاروں نے خوارجی عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے علاقے کو بڑے نقصان سے بچایا۔
