واٹس ایپ نے صارفین کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا حفاظتی فیچر متعارف کرا دیا۔ جس کے تحت نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات سے متعلق اہم معلومات چیٹ کھولنے سے پہلے ہی صارف کو فراہم کی جائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا پلیٹ فارمز کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ اب کسی بھی انجان نمبر سے رابطہ ہونے پر صارف کو انتباہ جاری کرے گی۔ تاکہ وہ فوری جواب دینے کے بجائے پہلے دستیاب معلومات کا جائزہ لے سکے۔
نئے فیچر کے ذریعے صارف کو بتایا جائے گا کہ متعلقہ نمبر کس ملک میں رجسٹرڈ ہے۔ آیا اسے کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ کرنا مناسب ہے یا نہیں۔ اور کیا بھیجنے والا کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ کا رکن ہے۔ ان معلومات کی بنیاد پر صارف بہتر فیصلہ کر سکے گا کہ پیغام کا جواب دینا چاہیے یا نہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔
واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کے دوران پیغام بھیجنے والے شخص کو کسی قسم کی اطلاع نہیں ملے گی۔ جس سے صارف کی پرائیویسی مکمل طور پر محفوظ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی کی دنیا میں نیا تنازع؛ علی بابا پر ماڈل چوری کا الزام لگ گیا
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر خاص طور پر ان اسکیمرز کے خلاف مؤثر ثابت ہو گا۔ جو خود کو کسی جاننے والے کے طور پر متعارف کرا کے نئے نمبر سے رابطہ کرتے ہیں۔ بیرون ملک رجسٹرڈ مشکوک نمبروں کی نشاندہی کے ذریعے بین الاقوامی آن لائن فراڈ کے واقعات میں بھی کمی لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
