تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کی بنیادی تشویش صرف یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔ اور ایران اس مؤقف پر قائم ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں چاہتا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے بھی ہمیشہ واضح کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کا خواہاں نہیں۔ امریکا کے مطالبے پر ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے کے مؤقف پر تحریری دستخط بھی کر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ایران کے مفاد میں ہیں اور ان مذاکرات کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز بھی واپس کیے جائیں گے۔ جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معاہدہ نہ ہونے پر آبنائے ہرمز میں ٹول عائد کر سکتے ہیں ، ٹرمپ
ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ان مذاکرات سے سب سے زیادہ ناخوش فریق ہیں۔ کیونکہ سفارتی پیشرفت خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
