نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اورندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے تین سے چار ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے۔
ادارہ مسلسل متعلقہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکام کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کررہا ہے تاکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بروقت تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور حاصل پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، منگورہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا،بجلی کا نظام بری طرح متاثر
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مزید برآں 13 سے 15 جون کے دوران شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال، سوات، کالام اور بحرین سمیت دیگر حساس وادیوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے سے شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ موجود ہے جبکہ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ۔اسکردو روڈ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بروقت معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے استفادہ کریں۔
ادارے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
