لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔تیز آندھی اور بارش سےبجلی کا نظام بھی بری طرح متاثرہوا،شہر کے مختلف علاقوں میں 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی
تفصیلات کے مطابق چائنہ چوک، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، شادمان، گلبرگ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، جوہر ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
بارش اور تیز آندھی کے باعث شہر کے مختلف مقامات پر درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ کینال روڈ پر ڈاکٹرز اسپتال کے قریب ایک درخت گاڑی پر آ گرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کینال روڈ پر شیخ زید اسپتال اور گارڈن ٹاؤن کے قریب بھی درخت گر گئے۔
کینال روڈ پر ہی نہر پل پر تیز آندھی کے باعث درخت ٹریفک وارڈن کے کیبن پر گرگیا، درخت گرنے سے کیبن کے شیشے میں دراڑیں آ گئیں۔ جبکہ ٹریفک سنگل کا پول بھی ٹوٹ گیا اور ٹریفک وارڈن کی موٹر سائیکل درخت تلے دب گئی۔
علاوہ ازیں تیز آندھی اور طوفان سے 132 کے وی اور 11 کے وی کی لائنیں ٹوٹ گئیں،شہر کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ٹاؤن شپ، ساندہ، اسلام پورہ،مسلم ٹاؤن کے علاقے بجلی سے محروم ہیں ،گلبرگ، اقبال ٹاؤن،کینٹ کےمتعدد علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں ۔اس کے علاوہ گلشن راوی،ہربنس پورہ، دھرم پورہ میں بھی بجلی غائب ہے۔
