ایران نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایرانی دارالحکومت تہران سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایرانی خبر ایجنسیوں کے مطابق سیریک، مناب، قشم، ہنگام اور گورگان میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قشم اور ہنگام میں ہونے والے دھماکے میزائل حملوں کے نتیجے میں ہوئے، جبکہ تمام واقعات کو فوجی نوعیت کا قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کے باعث متعدد علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے اور بجلی و پانی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی فوجی کمان کے مطابق آبنائے ہرمز کو ہر قسم کے بحری جہازوں، بشمول تیل بردار اور تجارتی جہازوں، کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
امریکا کے ایران پر دفاعی حملے مکمل، فوجی تنصیبات اور مواصلاتی نظام کو نشانہ بنایا گیا، سینٹ کام
ایرانی فوجی کمان نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ تاہم ان دعوؤں اور پیش رفت کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔
