پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو کے دوران خود کو “سائیکو” کہے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی میڈیا اور عوام سے فنکاروں کو عزت دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک میزبان نے انٹرویو کے دوران اداکارہ سے ان کی نئی فلم ‘سائیکو’ کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہہ دیا کہ “آپ پہلے بھی سائیکو تھیں، فلم میں بھی آپ نے یہی کردار ادا کیا اور اب تک اس کردار سے باہر نہیں آ سکیں”۔
اس سخت سوال پر اداکارہ میرا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میزبان کو ٹوکا اور کہا کہ اگر آپ لوگ ہمیں اپنے ملک میں عزت نہیں دیں گے تو یاد رکھیں ہمیں انڈیا میں بہت عزت ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ میں پہلے بھی سائیکو تھی، میں نے اس فلم میں ایک انتہائی مشکل ترین کردار ادا کیا ہے اور مجھے امید تھی کہ اس شاندار پرفارمنس کے بعد لوگ مجھے اور فلم کے ہدایت کار شان شاہد کو خراجِ تحسین پیش کریں گے اور ہماری حوصلہ افزائی کی جائے گی کیونکہ ہم نے پاکستان میں رہ کر اتنی مشکل فلم بنائی ہے۔
View this post on Instagram
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک شدید ڈپریشن کے موضوع پر مبنی فلم ہے جس کے ذریعے ہم نے معاشرے کو کچھ سکھانے کی کوشش کی ہے، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ میرے اس کردار سے کچھ سیکھیں۔
واضح رہے کہ جیو فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘سائیکو’ کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کی اسٹار کاسٹ میں سپر اسٹار شان شاہد، سونیا حسین، میرا، شبیر جان اور دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔
