راولاکوٹ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں آزادکشمیر پولیس کے 4 اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔
آئی جی آزادکشمیر پولیس کے ترجمان کے مطابق حملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں پر پیشگی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہید اور زخمی اہلکاروں کے زخم فائر آرم اور گن شاٹ نوعیت کے ہیں۔
آئی جی آزادکشمیر پولیس کے مطابق یہ واقعہ کسی پرامن سیاسی احتجاج کا تسلسل نہیں بلکہ ایک منظم، مسلح اور دہشت گردانہ کارروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا بلکہ عوامی امن، طبی مراکز اور ریاستی نظم و نسق کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کاآپریشن،27خارجی ہلاک
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مسلح جتھے کو ریاستی نظام، عوامی امن اور شہریوں کے تحفظ کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریاستی رٹ برقرار رکھنے اور امن و امان کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی آزادکشمیر پولیس نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، پولیس اپنے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی رٹ، عوامی امن اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔۔
