امریکا نے کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل اور ان کی اہلیہ سمیت متعدد اہم شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق پابندیوں کی فہرست میں کیوبا کے سابق صدر راؤل کاسترو کے بیٹے اور پوتے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکا نے کیوبا کی مسلح افواج کی وزارت کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے بیان میں کہا کہ کیوبا ایک خوبصورت ملک ہے، تاہم وہاں کی موجودہ حکومت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ کیوبا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ان کی اولین ترجیح ایران سے متعلق معاملات ہیں، ایران کے مسئلے پر توجہ دینے کے بعد کیوبا کے حوالے سے اقدامات پر توجہ دی جائے گی۔
کیوبا کی جانب سے امریکی پابندیوں اور صدر ٹرمپ کے بیانات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے ہی مختلف سیاسی اور سفارتی تنازعات کے باعث کشیدہ ہیں۔
