پرتگال کی فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی 6 مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
فیفا ورلڈ کپ میں کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف گروپ میچ میں گول کر کے یہ منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔ وہ اس سے قبل 2006، 2010، 2014، 2018، 2022 اور اب 2026 کے ورلڈ کپ میں بھی گول کر چکے ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ کے میچ کے چھٹے ہی منٹ میں پرتگال نے برتری حاصل کر لی۔ جب جواؤ کینسلو کے شاندار کراس پر کرسٹیانو رونالڈو نے دائیں پیر سے گیند کو خوبصورتی کے ساتھ جال میں پہنچا دیا۔
گول کے بعد اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے پرتگالی کپتان کا بھرپور استقبال کیا۔ جبکہ رونالڈو نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی باب کا اضافہ کر دیا۔
اس گول کے ساتھ رونالڈو دنیا کے پہلے ایسے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول اسکور کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا
عمررسیدہ رونالڈو نے اس میچ میں پرتگال کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پرتگالی لیجنڈ کے ورلڈ کپ گولز کے ریکارڈ کی بھی برابری کر لی۔ یہ گول رونالڈو کے بین الاقوامی کیریئر کا 144واں گول بھی تھا، جبکہ وہ مردوں کی بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
