پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں رواں ماہ لندن میں ایک بار پھر روایتی مقابلے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پرو ہاکی لیگ کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان 23 اور 26 جون کو شیڈول اہم میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
قومی ہاکی ٹیم اس وقت لاہور میں تربیتی کیمپ میں مصروف ہے، جہاں کھلاڑیوں کو آئندہ میچز کی تیاری کرائی جا رہی ہے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 9 جون کو بیلجیم روانہ ہوگی۔
گرین شرٹس 13 جون کوبیلجیم اور 14 جون کواسپین کے خلاف میدان میں اتریں گے جبکہ 19 جون کو دوبارہ بیلجیم اور 20 جون کو اسپین کے خلاف دوسرا میچ کھیلا جائیگا اس سے قبل یہ میچز 16 اور 17 جون کو طے تھے تاہم شیڈول میں تبدیلی کردی گئی۔
آئی پی ایل کھیلنے والے مچل سینٹنر کو کس بات پر دکھ پہنچا؟کیوی بیٹر نے خود ہی بتا دیا
پاکستانی ٹیم 21 جون کو بیلجیم سے لندن روانہ ہوگی جہاں 23 جون کو روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گی جبکہ 24 جون کو انگلینڈ کے خلاف میچ ہوگا۔
26 جون کو پاکستان اور بھارت ایک بار پھر مدمقابل ہوں گے، جس کے بعد 27 جون کو قومی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
اب تک پرو ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کھیلے گئے تمام آٹھ میچز ہار چکی ہے اور ٹیبل پر بغیر پوائنٹس کے آخری نمبر پر موجود ہے۔
لیگ میں کارکردگی بہتر بنانا اور جگہ برقرار رکھنا قومی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ہر سال سب سے نچلی ٹیم کو لیگ سے باہر کر دیا جاتا ہے۔
