امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی امریکی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ڈی ایف سی کے مابین شراکت داری سے متعلقہ معاملات پر بات چیت ہوئی۔
پاکستانی سفیر نے ڈی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر ، معدنیات ، آئی ٹی اور پورٹس جیسے اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہا۔

مختلف شعبہ جات میں جاری اور مُمکنہ منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ اور دونوں جانب سے نُکتہ ہائے ارتکاز کی نامزدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی جانب سے ڈی ایف سی کے چیف ایگزیکیٹو کو فیفا ورلڈ کپ کے لئے پاکستان میں تیار کیا جانے والا آفیشل فٹ بال “ٹرائیونڈا ” تحفتاً پیش کیا گیا۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ کے لئے پاکستان میں تیار کیے جانے والے فٹ بال کا متواتر انتخاب ملک کے لئے قابلِ طمانیت وافتخار ہے۔
چیف ایگزیکیٹو ڈی ایف سی بینجمن بلیک کی جانب سے ٹرائیونڈا کے معیار کی تعریف کی گئی،پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور انفراسٹرکچر کی مزید بہتری کے حوالے سے شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستانی سفیرِکا کہنا تھا کہ پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کی ضامن ہوگی۔
