اسلام آباد، پاکستان کی قومی ٹیسٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو گئی۔
قومی اسکواڈ دوحہ اورلندن کے راستے ویسٹ انڈیز پہنچے گا، جہاں ٹیم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے دارالحکومت پورٹ آف سپین اور ٹوروبا میں میچز کھیلے گی۔
دورۂ ویسٹ انڈیز سے قبل قومی ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روز تک بھرپور ٹریننگ کی، جبکہ تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دو روزہ سیناریو بیسڈ پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا، ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ یہ تیاریاں سیریز میں بہتر کارکردگی ثابت ہوں گی۔
پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچنے کے بعد 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی تاکہ مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ ساتھ پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دی جا سکے۔
کوچز، مینٹورز اور والدین نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں ، مصباح الحق
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 25 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی۔
پہلا ٹیسٹ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ تاریخی کوئینز پارک اوول، پورٹ آف سپین میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کی نظریں کامیاب آغاز پر مرکوز ہیں جبکہ شائقین کو امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قیمتی پوائنٹس حاصل کریں گے۔
