صوبائی دارالحکومت پشاور میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ٹماٹر ایک بار پھر مہنگا ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نئے سرکاری نرخنامے کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 45 روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری نرخ 225 روپے سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو مقرر کر دیے گئے ہیں۔
ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں بڑی کمی آگئی
سرکاری نرخنامے کے اجرا کے باوجود شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا، کیونکہ بیشتر بازاروں میں ٹماٹر مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ نرخ پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 350 سے 370 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث عوام کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامہ صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہ گیا ہے، جبکہ عملی طور پر دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ صارفین کو ناجائز منافع خوری سے بچایا جا سکے۔
پشاور میں ٹماٹر سستے، تو پیاز مہنگا ہو گیا
دوسری جانب سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ ٹماٹر کی تھوک قیمتوں میں اضافے، دیگر شہروں سے ترسیل کے اخراجات اور طلب میں اضافے کے باعث ریٹ بڑھانا ان کی مجبوری ہے۔ ان کے مطابق جب منڈیوں میں مہنگے داموں ٹماٹر دستیاب ہوں تو سرکاری نرخ پر فروخت کرنا ممکن نہیں رہتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر عام شہری کے گھریلو بجٹ پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں اور قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
