اسلام آباد، وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق وفاقی بجٹ اب 5 جون کو پیش نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا 3 جون کو طلب کیا گیا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی ملتوی ہونے کے باعث وفاقی بجٹ کی پیشی کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔
تاحال بجٹ پیش کرنے کی نئی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا جا سکا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بجٹ 8 یا 12 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
پنجاب حکومت کا طلبہ اور بےروزگار نوجوانوں کیلئے بڑا ریلیف پیکج
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کیے جانے کا بھی قوی امکان موجود ہے۔ اس حوالے سے مختلف تاریخیں زیر غور ہیں اور حتمی فیصلہ متعلقہ مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بجٹ سے متعلق تمام آئینی اور انتظامی تقاضے مکمل کرنے کے بعد نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جس کے بعد بجٹ دستاویزات پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی۔
