ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک ٹرک حادثے کے باعث تقریباً 20 لاکھ شہد کی مکھیاں فضا میں آزاد ہو گئیں۔ جس کے بعد حکام نے قریبی آبادی کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ واقعہ ٹیکساس کے علاقے اورنج کاؤنٹی میں پیش آیا۔ جہاں ایک 18 ویلر ٹرک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا۔ ٹرک میں تقریباً 50 ہزار پاؤنڈ وزنی شہد کی مکھیاں موجود تھیں۔ جن کی تعداد اندازاً 20 لاکھ تھی۔
حادثے کے بعد بڑی تعداد میں مکھیاں قریبی علاقے میں پھیل گئیں۔ تاہم ڈرائیور محفوظ رہا۔ واقعے کے فوراً بعد شہد کی مکھیوں کے ماہرین اور بی کیپرز کو طلب کیا گیا۔ جنہوں نے مکھیاں جمع کرنے اور انہیں محفوظ طریقے سے قریبی شہد فارم منتقل کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات میں شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ مکھیاں مکمل طور پر قابو میں آنے تک گھروں کے اندر رہیں۔ اور متاثرہ علاقے میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں امدادی ٹیموں اور بی کیپرز کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے دیکھا گیا ہے۔
