اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے لے کر مفاہمتی یادداشت تک پاکستان نے ہر مرحلے پر مخلصانہ اور انتھک کوششیں کیں۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم ہاؤس میں اپنے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو انتہائی قریبی اور منفرد قرار دیا۔
انہوں نے اپنی گفتگو کا آغاز مفکر پاکستان علامہ اقبال کے شعر سے کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صرف ہمسائیگی نہیں بلکہ بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک یک جان دو قالب کی حیثیت رکھتے ہیں اور مشترکہ مستقبل اور منزل کے شراکت دار ہیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایران کا بھائی اور قریبی دوست ہے۔ جبکہ اسلام آباد اور تہران کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی پیشرفت اور واقعات نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت دی ہے۔ جبکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سمیت اہم سفارتی پیشرفت پاکستان کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔
ایرانی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر پاکستانی قیادت کی ثالثی اور تعمیری کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مفاہمتی یاداشت میں بیلسٹک میزائل سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے لے کر مفاہمتی یادداشت تک پاکستان نے ہر مرحلے پر مخلصانہ اور انتھک کوششیں کیں۔ ایرانی صدر نے قطر، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کی قیادت کے امن عمل میں کردار کو بھی سراہا اور خطے میں پائیدار امن، ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
