ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران اور عمان کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز میں خودمختار حقوق کا احترام کرتے ہیں۔
دونوں فریق محفوظ اور پرامن بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور آبنائے ہرمز سے متعلق تمام انتظامات میں دونوں ممالک کی خودمختاری کا احترام لازمی ہے۔
اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی بحری آمدورفت کے لیے ہمیشہ کھلا اور محفوظ رکھا جائے گا۔ اور آبنائے ہرمز کے انتظامات کے لیے مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ جو مختلف انتظامی اور تکنیکی امور کا جائزہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے اور بحری ناکہ بندی نہ ہونے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے، امریکی صدر
اعلامیے کے مطابق آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامی امور پر ساحلی ممالک اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت اور مذاکرات بھی کیے جائیں گے تاکہ خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اعلامیہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی اور عالمی تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات پر بین الاقوامی توجہ مرکوز ہے۔ ایران اور عمان کا یہ مشترکہ مؤقف خطے میں کشیدگی کم کرنے اور بحری راستوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
