اسلام آباد: ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو پاکستان کے دورے کے موقع پر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کی جانب سے شعبہ جراحی قلب (Cardiac Surgery) میں اعزازی فیلوشپ سے نوازا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو یہ اعزاز انہیں صحت عامہ، طبی تعلیم، طبی تحقیق اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ اعزازی فیلوشپ کی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
تقریب کے دوران ایرانی صدر کو اعزازی فیلوشپ کی سند پیش کی گئی۔ جبکہ دونوں ممالک کے درمیان طبی تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔
حکام کے مطابق اس اعزاز سے پاکستان اور ایران کے درمیان شعبہ طب، میڈیکل تعلیم، تحقیق، فیکلٹی اور ممتحنین کے تبادلوں سمیت مختلف تعلیمی و پیشہ ورانہ روابط کو مزید وسعت ملے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے میڈیکل کالجز اور طبی اداروں کے درمیان مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور علمی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جنگ کے آغاز سے لے کر مفاہمتی یادداشت تک پاکستان نے ہر مرحلے پر مخلصانہ اور انتھک کوششیں کیں۔
انہوں نے اپنی گفتگو کا آغاز مفکر پاکستان علامہ اقبال کے شعر سے کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صرف ہمسائیگی نہیں بلکہ بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک یک جان دو قالب کی حیثیت رکھتے ہیں اور مشترکہ مستقبل اور منزل کے شراکت دار ہیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایران کا بھائی اور قریبی دوست ہے۔ جبکہ اسلام آباد اور تہران کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مفاہمتی یاداشت میں بیلسٹک میزائل سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی پیشرفت اور واقعات نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت دی ہے۔ جبکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سمیت اہم سفارتی پیشرفت پاکستان کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔
