نیویارک: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار اور بلند شرح نمو کی راہ پر گامزن ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر ترجمان نے بھی خطاب کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں پاکستان کی تاریخ کے ایک اہم باب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مئی کا مہینہ پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ کیونکہ اسی ماہ ملک نے قومی عزم کے ساتھ ایٹمی طاقت بننے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو عالمی سلامتی کے فیصلوں میں کردار ادا کرنے والی اقوام میں مقام حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔ اور ملک نے ہر سطح پر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے فعال اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اور برآمدات میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے اور مستقبل روشن ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی مشکلات سے نکال کر استحکام کی طرف گامزن کیا ہے۔ اور پاکستان اب پائیدار اور بلند شرح نمو کی جانب بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، وزیر خزانہ
نائب وزیراعظم نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ملک کا سب سے مؤثر اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاک امریکا عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
