پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کے 28 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم تکبیر پر صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، ہم ایک ذمہ دار اور امن پسند قوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، دشمن کو خبردار رہنا چاہیے کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، بھرپور اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
شہداء کی قربانیاں ہماری آزادی ، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں ، صدر زرداری
صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ برس آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، سبز ہلالی پرچم سربلند رکھنے کیلئے پوری قوم متحد اور ہماری بہادر مسلح افواج ہر وقت تیارہیں۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 وہ دن تھا جس نے ہماری آزادی اور خودمختاری کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت فراہم کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگرایٹمی قوت نہ بنتے تو دشمن ہرحد پار کرسکتا تھا، ایٹمی حصار اور مسلح افواج دشمن کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔
دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ سازش کا ڈرامہ رچایا، قوم اور افواج نے یکجا ہوکر بھارتی عزائم ناکام بنائے، بنیان مرصوص فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، آپریشن غضب للحق کے ذریعے تمام فتنوں اورسہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
