آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے موجودہ ہفتہ وار نظام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کے تعین کا پرانا 15 روزہ شیڈول دوبارہ بحال کیا جائے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام مراسلہ جاری کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ہر ہفتے قیمتوں میں تبدیلی سے پیٹرول پمپ مالکان شدید مالی اور انتظامی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔
مراسلے کے مطابق قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ جبکہ کھاتہ داری، صارفین کے رویئے اور دیگر آپریشنل معاملات میں پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں، جس کا اضافی بوجھ پمپ مالکان کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ بار بار قیمتیں تبدیل ہونے سے مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنا اور عوامی اعتماد بحال رکھنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مراسلے میں حکومت سے اپیل کی گئی کہ موجودہ ہفتہ وار پالیسی ختم کرکے دوبارہ 15 روزہ نظام نافذ کیا جائے تاکہ کاروباری ماحول بہتر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: 200 یونٹ تک بجلی پر رعایت مرحلہ وار ختم کرنے کی تیاری
ایسوسی ایشن کے مطابق 15 روزہ شیڈول کی بحالی سے نہ صرف پیٹرول پمپ کاروبار میں استحکام آئے گا۔ بلکہ ڈیلرز، مالکان اور صارفین کو بھی زیادہ متوازن اور سہل ماحول میسر آسکے گا۔
