اسلام آباد: نشینل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے جاری کردہ الرٹ کے مطابق شمالی علاقہ جات میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور گلیشئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ اس صورتحال کے باعث متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بندش کا خطرہ بھی موجود ہے۔
خیبرپختونخوا میں 26 سے 31 مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پاراچنار سمیت کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، نیلم ویلی، باغ، کوٹلی اور بھمبر شامل ہیں۔
حکام کے مطابق پنجاب میں 28 سے 31 مئی کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر اضلاع میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 30 اور 31 مئی کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، خضدار اور تربت میں بارش کا امکان ہے۔ جبکہ سندھ میں بھی انہی تاریخوں کے دوران ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، مٹھی اور کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔
حساس شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور اسکردو روڈ سمیت متعدد راستے شامل ہیں جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا خواتین کو ہراساں یا بلیک میل کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا اعلان
حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
