پاکستان سے یورپ، مشرق وسطیٰ، آسٹریلیا اور دیگر بین الاقوامی مقامات کا سفر کرنے والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے. کیونکہ وفاقی بجٹ 27-2026 میں بزنس کلاس ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق امریکا جانے والے بزنس کلاس مسافروں کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم کرکے 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے ہوائی سفر کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
اسی طرح مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لیے بزنس کلاس ٹکٹوں پر عائد ڈیوٹی ایک لاکھ 5 ہزار روپے سے کم کرکے 25 ہزار روپے کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
یورپی ممالک کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 لاکھ 10 ہزار روپے سے کم کرکے 40 ہزار روپے جبکہ مشرق بعید اور آسٹریلیا جانے والی پروازوں کے لیے بھی ڈیوٹی 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہوا بازی کے شعبے کو فروغ دینا، بین الاقوامی سفر کی حوصلہ افزائی کرنا اور مسافروں پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں معاشی استحکام آ چکا، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا گیا، عطا تارڑ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ مجوزہ کمی سے فضائی سفر کی طلب میں اضافہ اور ایوی ایشن انڈسٹری کو سہارا ملنے کی توقع ہے۔
