مظفرآباد: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا کہ موقع ملا تو آزاد کشمیر کا بجٹ 10 گنا تک بڑھا دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کو کامیابی ملی تو پنجاب کی طرز کے ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی شروع کیے جائیں گے اور عوام کو جدید سفری و طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جس طرح پنجاب میں عوامی فلاح کے منصوبے جاری ہیں، اسی طرز پر مظفرآباد اور آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی کام ہونے چاہیئیں۔ مریم نواز نے بھی مظفرآباد کو پاکستان کے خوبصورت ترین شہروں میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف نے اعلان کیا کہ کامیابی کی صورت میں آزاد کشمیر کا بجٹ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھایا جائے گا۔ جب وہ وزیر اعظم تھے تو آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا، اب موقع ملا تو اسے دس گنا تک بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسیں روانہ کی جائیں گی، جبکہ 15 موبائل اسپتال بھی آزاد کشمیر کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولتیں میسر آ سکیں۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگرچہ وہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم بننے کی بات مذاق میں کر رہے ہیں، تاہم کامیابی کی صورت میں ہر تین ماہ بعد وہ خود آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں بےضابطگیوں کا انکشاف
انہوں نے سابق حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد آنے والی حکومت نے ملک کو نقصان پہنچایا اور ترقی کا سفر رک گیا، تاہم مسلم لیگ ن دوبارہ اقتدار میں آکر تمام کمیوں کو پورا کرے گی اور عوام کی خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔
