بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے پانچویں روز بھی جاری آپریشن کے دوران متعدد ٹھکانے تباہ، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گاڑیاں برآمد کر لی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کیپٹن (ر) فرقان بلال نے مقامی کمانڈر خورے کے مبینہ ٹھکانے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری ٹارگیٹڈ آپریشن پانچویں روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران مطلوب دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور زیرِ استعمال گاڑیاں برآمد کی گئیں، جبکہ متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔
ڈی پی او فرقان بلال کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنوں کو دہشت گرد عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنے تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے عام انتخابات 3 مرحلوں میں ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ آپریشن کے باعث سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل ہے، جسے صورتحال معمول پر آتے ہی بحال کر دیا جائے گا۔
