منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی اور ان کے سابق شوہر ناصر کے خلاف جاری تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران اس نیٹ ورک کے طریقہ کار اور پس منظر سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
پولیس کے فراہم کردہ حقائق کے مطابق ملزم ناصر نے ابتدائی طور پر اپنے دو بھائیوں کے ہمراہ لاہور میں گیسٹ ہاؤسز اور شراب کے کاروبار سے کام کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے بھائیوں، ایک دوست اور بہنوئی کے ساتھ مل کر کوکین کی سپلائی کا کام شروع کیا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ناصر نے ہی انمول عرف پنکی کو اس کام کی تربیت دی، جس کے بعد دونوں میاں بیوی لاہور، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں کوکین سپلائی کرنے لگے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق بعد میں ناصر اپنے بھائیوں سمیت اس نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے کراچی منتقل ہو گیا تھا، جبکہ ملزمہ پنکی نے سال 2021 میں رانا اکرم نامی شخص کے کہنے پر ناصر سے طلاق لے لی تھی۔ پولیس معاملے کے دیگر پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔
