بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشن نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات میں مشکل عالمی اور علاقائی معاشی حالات کے باوجود پاکستان کی جانب سے معاشی استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں اور حاصل ہونے والی پیش رفت کو سراہا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وسیع تر معاشی فریم ورک، حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے اور آئندہ وفاقی بجٹ کی ترجیحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف مشن نے حکومت کے محتاط معاشی نظم و نسق، مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحات پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کی تعریف کی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے لیے اصلاحاتی رفتار کو برقرار رکھنا، مالیاتی نظم و ضبط قائم رکھنا اور ساختی اصلاحات کو مزید آگے بڑھانا ناگزیر ہے۔
Finance Minister Senator Muhammad Aurangzeb Briefs Visiting IMF Mission
Federal Minister for Finance and Revenue, Senator Muhammad Aurangzeb, today briefed the visiting International Monetary Fund (IMF) Mission on Pakistan’s macroeconomic outlook, fiscal strategy, reform… pic.twitter.com/n3x8iY6sfz
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) May 13, 2026
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفد کو پاکستان کے موجودہ معاشی منظرنامے، مالیاتی حکمتِ عملی، اصلاحاتی ترجیحات اور پائیدار معاشی استحکام و طویل المدتی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی استحکام کی کوششوں، آئندہ وفاقی بجٹ کی تیاری، مالیاتی اور بیرونی استحکام کو مضبوط بنانے، اور سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت اور برآمدات پر مبنی ترقی کے فروغ کے لیے جاری اصلاحات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی پاکستان کے ساتھ مسلسل شمولیت اور تعمیری مذاکرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں سال واشنگٹن میں ہونے والے اسپرنگ اجلاسوں کے دوران مثبت پیش رفت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف وفد کو پاکستان کے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ جاری روابط سے بھی آگاہ کیا، جن میں چین کے ساتھ معاشی تعاون اور ملکی معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ طویل المدتی سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششیں شامل ہیں۔
