ترکیہ کی مایہ ناز انوسٹمنٹ ہولڈنگ کمپنی کوچ ہولڈنگ کے ہوم اپلائنسز کے ذیلی ادارے بیکو نے ڈائولینس کے ریفریجریٹر مینوفیکچرنگ انفراسٹرکچر میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس سے کمپنی کی پروڈکشن کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کوچ ہولڈنگ اور کنزیومر ڈیوریبل انڈسٹری میں کوچ گروپ کی مرکزی کمپنی اور ڈائولینس کی پیرنٹ کمپنی بیکو کی سینئر قیادت نے شرکت کی جن میں کوچ ہولڈنگ کے کنزیومر ڈیوریبلز گروپ کے صدر پولات سین، ایشیا، روس اور سب صحارا افریقہ کے لئے بیکو کے چیف کمرشل آفیسر ظفر استونر اور بیکو کے چیف فنانشل آفیسر بارس الپارسلان بھی شامل تھے۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور صنعتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے کوچ گروپ کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب کے دوران کوچ ہولڈنگ کے کنزیومر ڈیوریبلز گروپ کے صدر پولات سین نے کہا کہ کوچ گروپ اور بیکو کے نزدیک پاکستان ایک سٹریٹجک اہمیت کی حامل مارکیٹ ہے جس کی کنزیومر مارکیٹ خطے میں سب سے زیادہ فعال ہے اور جس کی بڑھتی ہوئی آبادی میں نوجوان ایک نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ 2016 سے اب تک بیکو، ڈائولینس میں 375 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر چکی ہے اور یہ حالیہ سرمایہ کاری پاکستان پر اس کے پختہ اعتماد پر مہرتصدیق ثبت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عالمی مہارت اور مقامی صلاحیت کو یکجا کر کے مینوفیکچرنگ کی استعداد بڑھا رہے ہیں، آر اینڈ ڈی کو وسعت دے رہے ہیں اور طویل مدتی ترقی کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان کی معاشی ترقی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ڈائولینس کو عالمی معیار کے پروڈکشن ادارے میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم ظاہر کیا۔
اس سرمایہ کاری سے ڈائولینس کو جدید ترین پروڈکشن پراسیسز، اسمبلی پریکٹسز اور انجینئرنگ کی صلاحیتوں کو اپنا کر عالمی معیار کے تقاضوں پر پورا اترنے میں مدد ملے گی اور یہ لوکلائزیشن اور پلیٹ فارم ہارمونائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہو گی۔ اس سرمایہ کاری کے تحت جن شعبوں میں کام کیا جائے گا ان میں آٹومیشن کے عمل کو بہتر بنانا، افرادی قوت کی صلاحیتیں بڑھانا اور مینوفیکچرنگ کے بین الاقوامی طریقوں کو مقامی مہارت کے ساتھ یکجا کرنا شامل ہیں۔ اس سلسلے میں پہلے قدم کے طور پر ڈائولینس اپنے ریفریجریٹر پورٹ فولیو کو وسیع کر رہا ہے اور تین نئے نوفراسٹ اور کومبی ماڈلز متعارف کرا رہا ہے۔
ایشیا، روس اور سب صحارا افریقہ کے لئے بیکو کے چیف کمرشل آفیسر ظفر استونر نے کہا بیکو کی عالمی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈائولینس کی شکل میں ہمارے پاس ایک ٹھوس بنیاد، ایک قابل اعتماد برانڈ، اور صارفین کے ساتھ گہرے تعلقات پہلے سے موجود ہیں۔ بیس ملین ڈالر کی اس سرمایہ کاری سے ڈائولینس کی پروڈکشن کی صلاحیتوں اور ریفریجریٹر پورٹ فولیو کو وسیع بنایا جائے گااور یہ اس قابل ہو جائے گی کہ پاکستانی صارفین کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ ڈائولینس کو پورے خطے میں اپلائنس مینوفیکچرنگ کا مثالی برانڈ بنایا جائے۔
اس سرمایہ کاری سے ڈائولینس کو انجینئرنگ کے مقامی ٹیلنٹ کو مستحکم بنانے، صنعتی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور پاکستانی صارفین کو عالمی معیار کی مصنوعات فراہم کرنے کے مشن میں مدد ملے گی۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی صنعتی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی کیونکہ اس سے مینوفیکچرنگ کی مقامی استعداد بہتر ہو گی، درآمدات پر انحصار میں کمی آئے گی اور پاکستان سے مزید برآمدات کو بڑھانے مدد ملے گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈائولینس کے مینجنگ ڈائریکٹر عمر احسن خان نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ایک مینوفیکچرر کی حیثیت سے ڈائولینس کے ارتقاء میں فیصلہ کن اقدام کی حیثیت رکھتی ہے۔ کوچ گروپ کی سرپرستی اور بیکو سے ملنے والی عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کی بدولت ہم پاکستان میں عالمی معیار کی مصنوعات کی تیاری صلاحیتوں کو بڑھا رہے ہیں۔ اس سے ہماری طویل مدتی ترقی کی بنیادیں مضبوط ہوں گی اور معیار، جدت اور کمیونٹی کی خدمت کے لئے ہمارے پختہ عزم کو استحکام ملے گا۔
کوچ ہولڈنگ اور بیکو اپنے اس عزم پر کاربند ہیں کہ جدت، لوکل مینوفیکچرنگ کے استحکام اور پاکستانیوں کی روزمرہ زندگی بہتر بنانے کے لئے تیار کی گئی ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کی معاشی اور صنعتی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کوچ گروپ کی سرگرمیاں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات کو مستحکم بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2024 میں 1.4 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ ترکیہ اور پاکستان اس اشتراک کو مزید بڑھانے اور مستقبل قریب میں دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔
